بنگلورو:30/جون(ایس او نیوز) وزیر اعلیٰ سدرامیا نے کہاکہ مرکزی حکومت کی طرف سے لاگو کئے جارہے جی ایس ٹی قانون کو غیر ضروری طور پر بڑھا چڑھاکر پیش کرکے اس کی تشہیر کی جارہی ہے۔ آج وجئے پور میں اخباری نمائندوں سے با ت چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ جی ایس ٹی دراصل مرکز میں یو پی اے حکومت کی دین ہے۔جس وقت مودی گجرات کے وزیراعلیٰ تھے انہوں نے جی ایس ٹی کی مخالفت کی تھی، لیکن اب وہ خود ملک میں جی ایس ٹی کے تحت یکساں ٹیکس کے نفاذ کا سہرااپنے سر لینے کی کوشش کررہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ملک کو جب آزادی ملی اس وقت آزادی کے 25 سال کی تکمیل پر، آزادی کی گولڈن جوبلی پر اور دیگر اہم مواقع پر ہی پارلیمان کے سنٹرل ہال کا استعمال کیا گیا، لیکن موجودہ حکومت ایک نئے ٹیکس نظام کو لاگو کرنے کیلئے اس کا استعمال کررہی ہے، جو کہ غلط ہے۔